کرم میں 2 گروپوں کے تصادم کو غلط رنگ دیا گیا جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوا: وزیر داخلہ
وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں دو گروپوں میں ہونے والے تنازع کو غلط رنگ دیا گیا جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے میں بیرونی ہاتھ نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، بعض عناصر نے ضلع کرم میں 2گروپوں کے تصادم کو غلط رنگ دیا جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا خیبر پختونخوا میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرم میں اراضی تنازع پر قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں ایسے واقعات کے سدباب کے لیے کثیرالجہتی مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے پر اتفاق کیا جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پختونخوا میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے کہ کرم میں دو گروپوں کے درمیان زمین کے تنازع پر ہونے والے قبائلی تصادم میں کم از کم 49 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے، بعد ازاں مقامی حکومت اور فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا جس کے بعد دونوں گروپوں کے مسلح افراد نے چوکیاں خالی کر دی تھیں۔