رؤف حسن کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رؤف حسن کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔
تحریک انصاف رہنما رؤف حسن و دیگر ملزمان کو ایف آئی اے نے دو روز کا جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا ٹیکنیکل رپورٹ موصول ہوئی ہے، تمام ملزمان ایک دوسرے سے رابطے میں تھے۔
پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر کا کہنا تھا روف حسن و دیگر کا 7 روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا، رؤف حسن کی طبیعت ٹھیک نہیں، ان کا چیک اپ کرایاجائے۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے رؤف حسن کے مزید 5 روزکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم پیکا ایکٹ کی خصوصی عدالت نے رؤف حسن کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔