کریملن: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی شامی ہم منصب بشار الاسد سے ملاقات
کریملن میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی شامی ہم منصب بشار الاسد کے ساتھ ملاقات ہوئی۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق بدھ کے روز ہونے والی اس ملاقات میں پیوٹن نے بشار الاسد سے کہا کہ بدقسمتی سے خطے میں کشیدگی کا رجحان دیکھ رہے ہیں جس کے اثرات شام پر بھی ہیں۔
صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ میری آپ کی رائے میں بڑے دلچسپی ہے کہ خطے کے اندر صورتحال کس طرح رونما ہو رہی ہے لیکن بدقسمتی سے ہمیں اس صورتحال میں تیزی سے اضافے کا رجحان نظر آ رہا ہے جو کہ براہ راست شام پر بھی اثرانداز ہوتا ہے۔
اس موقع پر شامی صدر نے کہا کہ دنیا اور یوریشیائی خطے میں رونما ہوتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے ہماری ملاقات اہم ہے۔
واضح رہے کہ روس شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کا مضبوط حامی رہا ہے تاہم اس کے ترکیہ کے ساتھ بھی قریبی تعلقات ہیں اور شام میں خانہ جنگی کے خاتمے کے بعد اب روس کی خواہش ہے کہ شام اورترکیہ کے درمیان سفارتی تعلقات دوبارا بحال ہو جائیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ 2011 شام میں خانہ جنگی کے دوران ریاستی کریک ڈاؤن کے بعد شام اور ترکیہ نے باہمی سفارتی تعلقات منقطع کردیے تھے تاہم اب روس کی کوششوں کے بعد فریقین کی جانب سے تعلقات کی بحالی کیلئے رضامندی ظاہر کی جا رہی ہے۔