190 ملین پاؤنڈ کیس: سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا عدالت میں دیا بیان سامنے آگیا
راولپنڈی: 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا عدالت میں ریکارڈ کرایا گیا بیان سامنے آگیا۔
عمران خان کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے 13 جولائی کو احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ کے روبرو اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا جب کہ 20 جولائی کو وکلاء صفائی اعظم خان کے بیان پر جرح کریں گے۔
اپنے بیان میں اعظم خان نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق معاملے کو کابینہ میں پیش کیا گیا تھا، شہزاد اکبر اپنا دستخط شدہ ایک نوٹ میرے پاس لے کر آئے، نوٹ خفیہ معاہدے پر دستخط کا معاملہ کابینہ میں لانے کے لیے وزیراعظم کی منظوری لینے کا تھا۔
اعظم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ شہزاد اکبر نے کہا وزیراعظم نے نوٹ کو کابینہ میں پیش کرنے کی اجازت دے دی ہے، وزیراعظم سے اس کی تصدیق کے بعد فائل کابینہ سیکرٹری کو بھیج دی تھی، کابینہ سیکرٹری سے جب معاملے پر بات ہوئی تو وہ میرے دفتر میں موجود تھے۔
سابق پرنسپل سیکرٹری نے بیان دیا کہ میں نے اس معاملے پر کابینہ میں شرکت نہیں کی تھی اور میں وفاقی کابینہ میں اس معاملے پر ہونے والی بحث سے آگاہ نہیں تھا۔
اعظم خان کے بیان میں کہا گیا تھا کہ معاہدے پر ہونے والے دستخط کو میں نے پہچان لیا تھا، معاہدے کے ساتھ ایک خفیہ تحریر موجود تھی جس سے متعلق بتایا نہیں گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پرویز خٹک اور سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال بھی 190 ملین پاؤند کیس میں اپنا بیان عدالت میں جمع کروا چکے ہیں۔