عدالتیں اپنا احترام کرائیں اور سیاستدانوں کو اتنا کمزور نہ سمجھیں: خواجہ آصف
سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ عدالتوں کا احترام کرتا ہوں لیکن عدالتوں کو بھی چاہیے وہ اپنا احترام کرائیں اور سیاستدانوں کو اتنا کمزور نہ سمجھا جائے۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگتا ہے اور آرٹیکل 6 کی کارروائی ضرور ہونی چاہیے، پی ٹی آئی پر پابندی کےلیے پارلیمنٹ میں اتحادیوں سے مشاورت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ توہین عدالت کی کارروائی جب بھی ہوئی سیاستدانوں کے خلاف ہوئی، ایک ادارہ 26 لاکھ کیسز کا فیصلہ نہیں کرتا توکیا وہ توہین نہیں کرتا؟ عدالتوں کا احترام کرتا ہوں لیکن عدالتوں کو بھی چاہیے وہ اپنا احترام کرائیں، سیاستدانوں کو اتنا کمزور نہ سمجھا جائے۔
پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا: خورشید شاہ
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 2018کے الیکشن رزلٹ کسی کو نظر نہیں آئے، اس وقت عدلیہ نے کیوں نوٹس نہیں لیا؟ ہمارا عدالتی نظام 9 مئی واقعات میں ملوث ملزمان کو تحفظ دے رہا ہے، آئین سے ماورا فیصلے دینے پر کسی ایک جج پر توہین عدالت لگی ہے؟ ان ججوں کو قبروں سے نکالیں اور ان کا ٹرائل کریں، آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ کسی ادارے کی عزت زیادہ ہے اور کسی کی کم ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کوئی دن ایسا نہیں جاتا جس دن شہادتیں نہ ہوتی ہوں، سب سے زیادہ دہشتگردی خیبرپختونخوا میں ہورہی ہے مگر وہاں کی حکومت کہہ رہی ہے وہ آپریشن میں حصہ نہیں لے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے مذاکرات کی پیشکش کی جس پروہ کہتے ہیں آرمی چیف کے ساتھ مذاکرات کریں گے، بانی پی ٹی آئی زرداری صاحب کےلیےکیا کہتے ہیں، اب ان کے اشاروں پر چلنے لگ پڑے ہیں۔