چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی خبروں پر بھارتی بورڈ کا بیان سامنے آگیا
نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے اور ہائبرڈ ماڈل کی خبروں کو مسترد کردیا۔
بھارتی بورڈ کے آفیشل نے خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کےلیے نیوٹرل وینیو کی خبروں سے لاتعلقی کا اظہارکردیا۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ ایسی خبریں کہاں سے آئی ہیں، بی سی سی آئی نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر ابھی کوئی بیان نہیں دیا۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل بھارتی میڈیا نے ایک دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے میچز کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی اور چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور چیمئنز ٹرافی فروری مارچ 2025 میں کھیلی جانی ہے، پاکستان نے آئی سی سی سے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول بھی شیئر کردیا ہے جس کے مطابق بھارت کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں رکھے گئے ہیں۔