بڑے محکموں کو بہتر انداز میں چلانا ناممکن، وزیراعلیٰ کے پی کی اختیارات نچلی سطح پر منتقلی کی ہدایت
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی ہے کہ صحت اور تعلیم کے نظام کو ٹھیک کرنے کے لیے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں صحت کارڈ کی طرز پر ایجوکیشن کارڈ کے اجراء پرگفتگو کی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت اور تعلیم کےنظام کو ٹھیک کرنے کے لیے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں، بڑے محکموں کو صوبے کی سطح سے بہتر انداز میں چلانا ناممکن ہے۔
علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ ریجنل سطح پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل تعینات کیے جائیں اور ڈومیسائل کی بنیاد پربھرتی اساتذہ کو ان کے ڈومیسائل والے علاقوں میں تعینات کیا جائے جبکہ اساتذہ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ترقی بھی ان کے ڈومیسائل والے علاقوں میں سروس سے مشروط کی جائے۔
انہوں نے اجلاس کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں غیرمستقل طبی آلات کا مکمل ڈیٹا ایک ہفتے میں اکٹھا کیا جائے، انتظامی عہدوں پر ٹیچنگ کیڈرکے ملازمین کی تعیناتیاں بند کی جائیں۔
وزیراعلیٰ کے پی نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت اور تعلیم میں ٹیچنگ کیڈر اور مینجمنٹ کیڈرکو الگ رکھا جائے جبکہ کرائے کی عمارتوں میں قائم اسکولوں میں اساتذہ کانٹریکٹ پر بھرتی کیے جائیں۔