اوور بلنگ کی شکایات پر لیسکو ذمہ داران کیخلاف تحقیقات کا آغاز

اوور بلنگ کی شکایات پر لیسکو ذمہ داران کےخلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ نیپرا، ایف بی آر اور ایف آئی اے نے پروٹیکٹڈ صارفین پر اوور بلنگ کی شکایات پر تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔

لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ  اعلیٰ سطح کی کمیٹی اور لیسکو انتظامیہ ذمہ داران کا تعین کرے گی،  رپورٹ کل شام تک مرتب کر لی جائے گی۔

لیسکو ذرائع کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ وزیراعظم کو بھجوائی جائے گی اور اضافی رقم صارفین کو واپس کی جائےگی۔

وزیر داخلہ کا پروٹیکٹڈ صارفین کی اوور بلنگ کی شکایات کا نوٹس، ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کی اوور بلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث عملے کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اوور بلنگ کرنے والے افسران اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا پروٹیکٹڈ صارفین کو جان بوجھ کر نان پروٹیکٹڈ کیٹگری میں ڈالنا مجرمانہ فعل ہے، ایف آئی اے صورتحال کا جائزہ لے اور ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز  ایکشن لے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا پروٹیکٹڈ صارفین کو نان پروٹیکٹڈ صارفین کی فہرست میں ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں، اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹگری بدلنے سے صارفین پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑا، مشکلات کا شکار پروٹیکٹڈ صارفین کی مشکلات اوور بلنگ سے مزید بڑھ گئی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *