جناح ہاؤس، عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کیس: عمران کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

عمران خان کے خلاف جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانا شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات کی سماعت لاہور کی انسداد دہشتگردی میں ہوئی۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا اڈیالہ جیل کے سپرینٹنڈنٹ نے میسج کیا کہ بانی پی ٹی آئی ان کی جیل میں ہیں، جس پر جج نے کہا بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر ضمانتوں میں حاضری لگائی جائے، میں نے اپنی تسلی کے لیے ویڈیو لنک پر بانی پی ٹی آئی کو دیکھنا ہے۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا اعلیٰ عدالت کا حکم ہے ہونا تو ایسا ہی چاہیے، جس پر فاضل جج کا کہنا تھا جیل سپرینٹنڈنٹ کے میسج کا پرنٹ نکال کر مجھے دیں میں اسے فائل کا حصہ بناؤں گا۔

عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرینٹنڈنٹ کے مسیج کا پرنٹ ریکارڈ کا حصہ بنا لیا۔

بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا میں نے زندگی میں ایک ملزم پراتنے مقدمات بنتے نہیں دیکھے، جب جرم ہوا ملزم تو حراست میں تھا، کیس کیسے بنائے گئے، جس پر جج نے کہا آپ کا پوائنٹ بڑا زبردست ہے۔

عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا میرا کلائنٹ کل کہہ رہا تھا میں بھوک ہڑتال پر جا رہا ہوں، کلائنٹ بھوک ہڑتال پر اس لیے جا رہا ہے کہ عدالتیں انصاف فراہم کریں۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو 9 جولائی کو سنایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *