جیل میں ناروا سلوک، عمران خان نے بھوک ہڑتال کی دھمکی دیدی
راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل میں ناروا سلوک پر بھوک ہڑتال پر جانے کی دھمکی دے دی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان نے جیل میں ناروا سلوک پر بھوک ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیا ہے اور پارٹی سے مشاورت کے بعد بانی پی ٹی آئی بھوک ہڑتال کی تاریخ دیں گے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نےکل پارٹی رہنما ؤں کو بلایا تھا، بانی پی ٹی آئی جیل میں اور رہنما جیل کے باہر 3 گھنٹے تک انتظار کرتے رہے لیکن اس کے باوجود پی ٹی آئی رہنماؤں کو عمران خان سے نہیں ملنے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے ملاقات نہ ہونے پرپارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کردیں جس میں عمران خان نے پارٹی رہنما ؤں کو اندرونی اختلاف عوام میں لانے سے روک دیا ہے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے دونوں گروپس کو اختلافات ختم کرنے کےلیے گزشتہ روز جیل بلایا تھا۔