افغانستان دہشتگردی کیخلاف مؤثر اقدامات کرے: وزیراعظم شہباز شریف
آستانہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ افغانستان دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرے تاکہ اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس سی او خطے کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے، ہمارے چیلنجز مشترکہ ہیں، ہمیں مل کر ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے، خطے کے روشن مستقبل کیلئے ہمیں جغرافیائی اور سیاسی محاذ آرائی سے خود کو آزاد کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے تجارتی محل وقوع کے اعتبار سے تجارت کی اہم گزر گاہ ہے، سی پیک کے ذریعے ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول کی جانب گامزن ہیں، ایس سی او ترقیاتی منصوبوں کیلئے متبادل فنڈنگ کا طریقہ کار وضع کرے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریاستی دہشتگردی کی شدید مذمت کی جائے، افغانستان دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرے تاکہ اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو، افغانستان میں پائیدار امن ہمارا مشترکہ ہدف ہے، افغانستان کی عبوری حکومت کے ساتھ بامعنی بات چیت کرنا ہوگی تاکہ وہاں کے عوام کے مسائل حل ہوں
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے موجود ہیں، ہمیں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے، اسلامو فوبیا اور لسانیت کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔