’تماشا بنا ہوا ہے، ایک آتا ہے دو نہیں آتے‘، علی امین کی عدم پیشی پر اے ٹی سی جج برہم

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے پیش نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف تھانہ سنگجانی اور  آئی 9 میں درج مقدمات سے متعلق کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں علی نواز  اعوان، واثق قیوم، عامر کیانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جب کہ وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور  عامر مغل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی۔

جج طاہر عباس سپرا کے ریمارکس دیے کسی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست قبول نہیں ہو گی، یہ کوئی وجہ نہیں کہ میں شہر سے باہر ہوں تو پیش نہیں ہو سکتا، حاضری پوری نا ہونا ملزمان پر ہے یا کورٹ پر ہے۔

پی ٹی آئی وکلا نے جواب دیا کہ حاضری پوری کرنا ملزمان پر ہے، اس پر جج نے کہا کہ تمام غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے، اگلی پیشی پر تمام ملزمان کی حاضری یقینی ہوگی، آئندہ پیشی پر حاضری کی مکمل یقین دہانی کرائی جائےگی تو پھر وارنٹ کا معاملہ دیکھیں گے۔

وکلا صفائی کی جانب سے کہا گیا کہ ایک موقع دیا جائے اگلی پیشی پر تمام ملزمان پیش ہوں گے، اس پر جج کا کہنا تھا جو ملزم 8 تاریخ کو نہیں آئیں گے ان کو اشتہاری قرار دوں گا، عدالتی مفرور کو اشتہاری قرار دینے کیلئے 30 دن ضروری نہیں ہیں، میں نے ان کیسز کو انجام تک پہنچانا ہے، آپ کا ہی اس میں فائدہ ہو گا۔

جج نے مزید کہا کہ تماشا بنا ہوا ہے، ایک آتا ہے دو نہیں آتے، 8 جولائی کو کوئی بیمار ہو، بخار ہے، کچھ بھی ہو، جو نہ آیا اسےاشتہاری قرار دیں گے، 8 جولائی کے بعد کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی، اگر کیسز میں جان ہوئی تو چلیں گے ورنہ فارغ ہوں گے۔

 بعد ازاں عدالت نے دونوں مقدمات کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی۔

A

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *