کراچی: پکنک پر جانے والی بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق
کراچی کے علاقے ماڑی پور کے قریب تیز رفتاری کے باعث پکنک پر جانے والی بس الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق بس الٹنے کا واقعہ ماڑی پور ٹرک اڈے کے قریب پیش آیا، حادثے میں 4 بچے اور دو خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بس کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کا شکار ہونے والے افراد پکنک منانے جا رہے تھے۔
دوسری جانب بس حادثے کے عینی شاہد کا بتانا ہے کہ حادثہ ٹریلر کے موڑ کاٹنے کے باعث پیش آیا جس کے بعد تیز رفتار کوسٹر فٹ پاتھ سے ٹکرائی اور الٹ گئی، بس میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی تھی۔
بس میں سوار ہو کر پکنک پر جانے والے تمام متاثرین عزیز آباد بنگوریہ گوٹھ کے رہائشی ہیں اور تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثےکے 14 زخمیوں کی شناخت کرلی گئی ہے جس میں سے 6 سے 7 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 7 افراد کی لاشیں ٹراما سینٹر لائی گئیں، سول اسپتال لائی جانے والی میتوں کو سہراب گوٹھ سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔