بھارتی انتخابات: کانگریس اتحاد نے مودی کے مینڈیٹ کو دھچکا دیدیا، اسٹاک مارکیٹ کریش
بھارت میں لوک سبھا کےانتخابات میں ابتدائی رجحانات میں مودی کی جماعت بی جے پی کے لیے بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد بھارتی اسٹاک مارکیٹ بھی کریش کرگئی۔
بھارت کی 543 رکنی پارلیمنٹ لوک سبھا کے انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے، لوک سبھا میں سادہ اکثریت کےلیے 543 نشستوں میں سے 272 پر کامیابی درکار ہے۔
کانگریس اتحاد 234 نشستوں پر آگے
بھارتی میڈیا کے مطابق انتخابات کے نتائج کو دیکھتے ہوئے ابتدائی رجحانات میں مودی کی بی جے پی کو بڑے اپ سیٹ کا سامنا ہے، بی جے پی کو 239 نشستوں پر برتری حاصل ہے اور بی جے پی اتحاد این ڈی 294 نشستوں پر آگے ہے جب کہ کانگریسی اتحاد انڈیا 234 نشستوں پر آگے ہے۔
اس کے علاوہ اپوزیشن جماعت کانگریس 97 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
ایگزٹ پولز میں مودی کے اتحاد این ڈی اے کی بڑی کامیابی کی پیشگوئی کی گئی تھی لیکن بی جے پی کے زیر قیادت اتحاد کو بھاری اکثریت ملنے کا امکان نہیں ہے۔
تاہم مودی اور راہول گاندھی اپنی اپنی نشستیں جیتنے کے قریب ہیں، گنتی کیے گئے ووٹوں میں راہول گاندھی کو اپنے حریف پر ایک لاکھ 12 ہزار اور مودی کو اپنے مخالف پر 34 ہزاروں ووٹوں کی برتری مل چکی ہے۔
بھارتی اسٹاک مارکیٹ کریش
بھارت میں مودی کے مینڈیٹ میں کمی کے رجحان کے بعد اسٹاک مارکیٹ کریش کرگئی ہے جس میں 4 سالوں کے دوران سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایس ای انڈیکس 4378 پوائنٹس کے بعد 72 ہزار 76 پوائنٹس پر آگیا ہے۔
اس کے علاوہ سرکاری بینکوں،انفراسٹرکچر اورکیپٹل گڈز فرموں کے حصص میں گراوٹ دیکھی گئی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ بھارتی روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں کم ہوکر 83.14 ہوگئی ہے۔