جوبائیڈن نے ٹرمپ کو مجرم قرار دیا جانا قانون کی فتح قرار دیدیا
امریکا کے صدر جوبائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جیوری کی جانب سے مجرم قرار دیا جانا قانون کی فتح قرار دیدیا۔
گزشتہ روز نیو یارک کی جیوری نے ڈونلڈ ٹرمپ پر فحش اداکار اسٹارمی ڈینئلز سے جنسی تعلق چھپانے کے لیے رقم کی ادائیگی سے متعلق تمام 34 الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے انہیں مجرم قرار دیا تھا۔
جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جیوری کے فیصلے کو قانون کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ کہ جیوری کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب سابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ بائیڈن کا امریکا فاشسٹ ریاست بن چکا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اوپر لگے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھ پر یہ مقدمہ دھاندلی ہے، میں بالکل بے قصور ہوں، یہ مقدمہ میری توہین ہے لیکن معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا۔
ٹرمپ کے حامیوں نے جیوری کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا اور امریکی پرچم کو الٹا لہرا دیا۔
یاد رہے کہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام تھا کہ ان کے اسٹارمی ڈینئلز کے ساتھ جنسی تعلقات تھے اور انہیں چھپانے کیلئے 2016 کے صدارتی انتخابات کے موقع پر اسٹارمی ڈینئلز کو رقم دی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیت گئے تھے۔