9 مئی کے اصل ملزم خیبر پختونخوا میں وزیر اعلیٰ بن گئے: گورنر کے پی
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے جو اصل ملزم تھے وہ تو خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ بن گئے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعظم کا مشکور ہوں کہ انہوں نے کے پی میں لوڈشیڈنگ کم کی، وزیراعظم سے صوبے کے مسائل پر بات کی ہے۔
گورنر کے پی نے کہا کہ مرکز اور صوبے کے درمیان پل کا کردار اداکروں گا، امید ہے مستقبل میں ایسا ہی رویہ رہا تو وفاق کی جانب سے مسئلہ حل ہو جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کو دعوت دیتا ہوں کہ گورنر ہاؤس آئیں، صوبے کے امن اور ترقی کے لیے ملکر بیٹھیں، وزیر اعلیٰ کے پی سےکہا تھا دلائل کے ساتھ وفاق سے بات کریں اور اپنے مسائل بتائیں مگر وہ ایسی زبان استعمال کرتے تھے جس سے مسئلےکا حل نہیں نکلتا تھا۔
گورنر کے پی کا کہنا تھا 9مئی کےجو اصل ملزم تھے وہ تو خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ بن گئے، 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ سمیت تمام ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی ماضی کی غلطیوں پر معافی مانگےتو ہم بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن اگر وہ اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں کے ذریعے آنا چاہتے ہیں تو کچھ نہیں کہہ سکتے۔