ایس آئی ایف سی کے آج کے اجلاس سے پیغام گیا کہ وفاق اور اکائیوں میں اتحاد ہے: عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہےکہ ایس آئی ایف سی کے آج کے اجلاس سے پیغام گیا کہ وفاق اور اکائیوں میں اتحاد ہے، میرے بھائی علی امین گنڈا پور نے وفاق کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم 6 گھنٹے ساتھ بیٹھے، علی امین گنڈا پور سے بہت خوش گوار ماحول میں گپ شپ ہوئی، آج کا اجلاس اچھے ماحول میں ہوا، آج کی میٹنگ سے پیغام گیا کہ وفاق اور اکائیوں میں اتحاد ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی پر سب کو اعتماد ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایس آئی ایف سی سے متعلق یقین دہانی کرائی اور ایس آئی ایف سی کی اہمیت کو مانا، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ ایس آئی ایف سی سے باہر نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کی میٹنگ میں یو اے ای سے 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری سے متعلق بات ہوئی، معیشت کے اشارے مثبت سے مثبت ترین ہوتے جا رہےہیں، وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ ہماری توجہ امداد پر نہیں سرمایہ کاری پر ہوگی، یو اے ای سے 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری میں آرمی چیف کی بڑی کاوش ہے۔