سابق گورنر سندھ عشرت العباد کا ایک بار پھر عملی سیاست میں آنے کا عندیہ

سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ایک بار  پھر عملی سیاست میں آنے کا عندیہ دے دیا۔

ایک نیوز چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کس پلیٹ فارم سے سیاسی کردارادا کرنا ہے اس کا ابھی فیصلہ نہیں کیا، ایسے پلیٹ فارم کی اشد ضرورت ہے جس میں باصلاحیت قیادت مسائل کا حل تلاش کرے۔

عشرت العباد کا کہنا تھا کہ آج کے منظرنامے میں عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ، اور  پارلیمنٹ میں کھینچا تانی ہے،  ہماری عدلیہ، پارلیمنٹ اور  افواج ملک کے ستون ہیں، یہ تاثر نہیں پیدا ہونا چاہیے کہ ملکی ستونوں کے درمیان کوئی تناؤ ہے۔

سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں ایوان صدر کا کردار انتہائی اہم ہو جاتا ہے، صدر  پاکستان ریاست کے آئینی سربراہ اور  ریاست کے اتحاد کی علامت ہیں، ایوان صدر  اپنا  اثر و رسوخ استعمال کرے اور اداروں کے درمیان غلط فہمیاں دور کرے۔

عشرت العباد نے کہا کہ میرے ایم کیو ایم لندن کی طرف مائل ہونے کا تاثر  بالکل غلط اور  مضحکہ خیز  ہے، 2015 میں بانی ایم کیو ایم بشمول میری جماعت نے مجھ سے لاتعلقی کر لی تھی جس کے بعد میں بھی ان سے لاتعلق ہو گیا۔

انہوں نے کہا اپنےخلاف پروپیگنڈا کرنے والوں سے واقف ہوں، میرےخلاف غلط فہمیاں اور  تصورات پھیلانے والے احتیاط کریں۔

یار رہے ڈاکٹرعشرت العباد  14 برس تک  سندھ کےگورنر رہے، ڈاکٹرعشرت العباد سے حال ہی میں سابق لیگی رہنما شاہد خاقان اور  مفتاح اسماعیل نے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *