وزیراعظم کا کرغزستان میں پاکستانی اور دیگر ممالک کے طلباء پر تشدد پر اظہار تشویش
وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی اور دیگر ممالک کے طلباء کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بشکیک میں پاکستانی سفیر کو پاکستانی طلباء کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق پاکستانی سفارت خانے نے ایمرجنسی نمبر فراہم کر دیے ہیں اور وزیر اعظم مسلسل اپنے آپ کو صورت حال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اورکرغزستان میں پاکستانی طلباء کو ہر قسم کی مدد و معاونت فراہم کرنے اور پاکستانی سفیر کو خود ہاسٹلز کا دورہ کرکے طلباء سے ملاقات کی ہدایت کی ہے جبکہ پاکستانی سفیر نے وزیرِ اعظم کوبتایاکہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے مقامی اور غیر ملکی طلباء میں جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوئی تھی، پاکستانی طلبہ بھی ہنگاموں کی زد میں آئے اور مشتعل کرغز طلباء نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے کردیے، متعدد طلباء کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مشتعل کرغز طلباء کی جانب سے پاکستانی نوجوانوں کے ہاسٹلز پر حملے کرکے توڑ پھوڑ کی گئی اور پاکستانی طالبات کو بھی ہراساں کیا گیا جس پر پاکستانی طلباء تشویش کا شکار ہیں اور طالبات محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔