کھلی آنکھوں کیساتھ جا رہا ہوں، کوئی غلطی نہیں کروں گا: کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم
پاکستان کے ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ وہ کھلی آنکھوں کے ساتھ قومی ٹیم کو جوائن کریں گے اور کوشش کریں گے کہ غلطی کی کوئی گنجائش نہ رہے۔
آسٹریلوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے جیسن گلیسپی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے چیلنج کے لیے تیار ہوں، میں نے پاکستان میں کوچنگ کے حوالے سے بہت سے لوگوں سے بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیو وٹمور سے بات چیت ہوئی ہے، وہ کئی ممالک میں کوچنگ کرچکے ہیں، ڈیوڈ وٹمور نے کافی معلومات دی ہیں اور اچھی نصیحت بھی کی ہے، میں کسی وقت جیف لاسن کے ساتھ بھی بات کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
جیسن کا کہنا تھاکہ سائمن ہیلمٹ گزشتہ سال پاکستان ٹیم کے ساتھ تھے، انہوں نے اچھے مشورے دیے اچھی چیزیں بتائیں، سائمن ہیلمٹ نے مجھے کھلاڑیوں کے بارے میں بتایا وہ کیا سوچتے ہیں، یہ سب میرے لیے بہت شاندار ہے، میں کھلی آنکھوں کے ساتھ جا رہا ہوں، کوئی غلطی نہیں کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹ اسٹاف میں کچھ سالوں کے دوران تبدیلیاں ہوئی ہیں لیکن آپ ویسے چلتے ہیں جیسے آپ کو بتایا جاتا ہے، میری پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان میں کئی لوگوں سے بات ہوئی، میری بات چیت اب تک بڑی شاندار رہی ہے۔
جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سلیکٹرز ہر چیز کا تاثر تبدیل کرنا چاہتے ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ بار بار تبدیلیاں ہوں، وہ سب بار بار تبدیلیوں کے تاثر کو بدلنا چاہتے ہیں، وہ سب چیزوں میں ایک تسلسل چاہتے ہیں۔