ویل ڈن ٹیم! آئر لینڈ کے خلاف ایسی جیت کی ضرورت تھی: شاہد آفریدی
پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آئرلینڈ کے خلاف میچ میں پاکستانی بیٹرز فخر زمان اور محمد رضوان کی پرفارمنس کی تعریف کی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمیں آئر لینڈ کے خلاف اس جیت کی ضرورت تھی، ویل ڈن ٹیم ! خاص طور پر جس طرح رضوان اور فخر زمان کھیلے۔
انہوں نے ٹیم کو ہدایت دیتے ہوئے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ہمیں ورلڈکپ میں بھی اسی مائنڈ سیٹ کی ضرورت ہے، زیادہ تر بیٹرز کو اسی اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلنا ہے۔
دوسری جانب شاہد آفریدی نے اپنے داماد اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو 300 انٹرنیشنل وکٹیں لینے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 46 گیندوں پر 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، رضوان کی دھواں دھار اننگز میں 4 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
فخر زمان نے 40 گیندوں پر 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ اعظم خان 10 گیندوں پر 30 رنز کےساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں4 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا، صائم ایوب 6 رنز اور کپتان بابراعظم صفر پر آؤٹ ہوئے۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔