9 مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا: آئی ایس پی آر
پاک فوج نے سانحہ 9 مئی کا ایک سال مکمل ہونے پر جاری بیان میں کہا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سانحہ 9 مئی پر ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سانحہ 9 مئی پر افواج پاکستان کا مؤقف بڑا واضح ہے، پاکستان کی مسلح افواج اپنے وقار اور عزت کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کا عہد کرتی ہیں اور پاکستان کی مسلح افواج کا عوام کے ساتھ بہت خاص رشتہ ہے۔
شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئیے آج پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں، آئیے اپنے پیارے ملک کی خوشحالی اور استحکام کے لیے مل کر کام کریں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج ملک کی خود مختاری، علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کی تجدید کرتی ہیں، مسلح افواج ملک کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے کے عزم کی تجدید کرتی ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے، یقینی بنانا ہے کہ آئندہ کوئی ہمارے ہیروز کی یادوں کی بے حرمتی اور ہمارے اتحاد کی علامتوں کی بے حرمتی کی جرات نہ کرے، شرپسند عناصر نے بیانیہ توڑ مروڑ کر خود کو بری الذمہ قرار دینے کی کوشش کی، ان شرپسند عناصر نے الزام ریاستی اداروں پر ڈالنے کی بھی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، 9 مئی سانحہ کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں کو قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔