پنجاب بھر میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا امکان
آج پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کے امکانات ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بارش ہوگی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارش کی وجہ سے ڈی جی خان اور کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں سیلابی کیفیت کا امکان ہے جبکہ مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، ساتھ ہی بالائی پنجاب کے اضلاع میں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے عوام کو آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے بعد پردیسیوں کی واپسی کا سفر موسمی تبدیلی کی وجہ سے متاثر ہو سکتا ہے جس کیلئے لیاقت پور، بہاولپور سے لاہور آنے والے مسافر خاص طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ترجمان کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے عوام کو ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کرنے اور ضلعی انتظامیہ کو خاص طور پر 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔