اسرائیل فلسطین تنازع کی وجہ سے دنیا بھر میں نفرتیں پھیل رہی ہیں: امریکا
واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا ہےکہ اسرائیل فلسطین تنازع کی وجہ سے دنیا بھر میں نفرتیں پھیل رہی ہیں جو تشویش کی بات ہے اور امریکا اس کی مخالفت کرتا ہے کیونکہ یہ کسی کے مفاد میں نہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ یہود دشمنی اور مسلم مخالفت میں امریکا سمیت دنیا بھر میں اضافہ دیکھا ہے اور امریکا اس کے بارے میں فکر مند ہے ، امریکا اس تنازع کو جلد از جلد ختم کرنے اور ایک پائیدار حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہاہے کیونکہ یہ مسلمانوں، یہودیوں اور مسیحیوں، اسرائیلیوں اور خطے کے دیگر ممالک کے مفاد میں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ اسرائیل کی سلامتی کے مفادات میں ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ مفاہمت کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ تلاش کرے۔
میتھیو ملر کاکہنا تھا کہ بظاہراسرائیل فلسطین تنازع کا دو ریاستی حل مشکل ہے مگر آخر کار یہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے اور اسی لیے ہم اس کی کوشش جاری رکھیں گے، اسرائیل فلسطین تنازع کی وجہ سے دنیا بھر میں نفرتیں پھیل رہی ہیں جو تشویش کی بات ہے اور امریکا اس کی مخالفت کرتاہے کیونکہ یہ کسی کے مفاد میں نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس تنازع میں کسی فریق کو غیر انسانی سلوک روا رکھنے کا لائسنس حاصل نہیں، سب سے بھیانک چیز ہےکہ دونوں جانب سے غیرانسانی سلوک روا رکھاجارہا ہے، غیرانسانی سلوک کی مخالفت کرتے ہیں یہ کسی کے مفاد میں نہیں۔