پی پی رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کی گورنر سندھ سے ملاقات، اہم شخصیت کا پیغام پہنچایا
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے گورنر سندھ سے تعلقات میں بہتری لانے کی کوششیں شروع کردی، ڈاکٹرعاصم حسین نے گورنر سندھ سے ملاقات کرکے اہم سیاسی شخصیت کا پیغام پہنچایا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران ڈاکٹر عاصم حسین نے گورنر سندھ کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے میں امن اور خوشحالی چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی سے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔
ترجمان ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم اور گورنر سندھ کی ملاقات کا کوئی سیاسی پس منظر نہیں تھا، انہوں نے کامران ٹیسوری کو کوئی سیاسی پیغام نہیں دیا۔
ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عاصم کی گورنر سندھ سے عید کی مبارک باد دینے کے سلسلے میں ملاقات ہوئی تھی۔