پاکستان میں معاشی نمو کیلئے ڈالر ضروری ہے، ڈالر ختم، نمو ختم: محمد اورنگزیب
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی نمو کیلئے ڈالر کا ہونا ضروری ہے، ڈالر ہوں تو باقی دنیا سے چیزیں خرید کر پاکستان لائیں اور اسے خرچ کریں، معاشی نمو بڑھ جائے گی۔ ڈالر ختم تو نمو ختم اور پھر آئی ایم ایف کی مدد مانگنی پڑ جائے گی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پربات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت وقت رواں مالی سال کے اختتام تک آئی ایم ایف کے ساتھ نیا معاہدہ کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر میڈیا نے نئے پروگرام پر بات چیت کیلئے رضامندی کا بھی اظہار کردیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ نئے معاہدے کے بعد کیا ہوگا؟
محمد اورنگزیب نے ایکسپورٹس میں اضافے کو مسئلے کا حل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو ایکسپورٹس میں اضافے سے حل کیا جا سکتا ہے، ایکسپورٹس بڑھانے کیلئے ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ماحول فراہم کرنے کیلئے کوئی آن آف سوئچ نہیں ہوتا بلکہ مشاورت سے کئے گئے صحیح فیصلوں سے ہی یہ کام ہو سکتا ہے۔