وہ صارفین جو ایکس (ٹوئٹر) پر سبسکرپشن پروگرام کے تمام فیچرز مفت استعمال کرسکیں گے
ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) کے سبسکرپشن پروگرام کے حوالے سے نئی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔
ان تبدیلیوں سے مخصوص اکاؤنٹس ماہانہ فیس ادا کیے بغیر ہی پریمیئم فیچرز کو مفت استعمال کر سکیں گے اور ممکنہ طور پر انہیں بلیو ٹک استعمال کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے ایلون مسک نے بتایا کہ ان تمام ایکس اکاؤنٹس کو پریمیئم فیچرز تک مفت رسائی ہوگی جن کو ڈھائی ہزار سے زائد ویریفائیڈ اکاؤنٹس فالو کر رہے ہوں گے۔
اسی طرح 5 ہزار ویریفائیڈ فالوورز والے اکاؤنٹس کو پریمیئم پلس کے فیچرز تک مفت رسائی دی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایکس پریمئیم کی سبسکرپشن کی ماہانہ فیس 2250 روپے ہے جس کے صارفین کو متعدد خصوصی فیچرز جیسے ایڈٹ پوسٹس، طویل پوسٹس اور ویڈیو، ان ڈو (undo) پوسٹنگ، بیک گراؤنڈ ویڈیو پلے بیک، ویڈیو ڈاؤن لوڈ اور دیگر تک رسائی ملتی ہے۔
ان کو اشتہارات بھی 50 فیصد کم دکھائے جاتے ہیں، اکاؤنٹ پر بلیو ٹک موجود ہوتا ہے جبکہ وہ اپنی پوسٹس سے پیسے بھی کما سکتے ہیں۔
پریمیئم پلس کے صارفین کو اشتہارات بالکل دکھائے نہیں جاتے جبکہ انہیں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ Grok تک رسائی بھی حاصل ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ ایلون مسک نے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو خریدنے کے بعد نومبر 2022 کے شروع میں ٹوئٹر بلیو سروس کے نام سے سبسکرپشن پروگرام کو متعارف کرایا تھا مگر سبسکرپشن پلان متعارف کرانے کے بعد معروف شخصیات اور اداروں کے ناموں کے جعلی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہوگئی تھی جس کے بعد اسے معطل کردیا گیا۔
بعد ازاں 12 دسمبر 2022 کو اسے کچھ تبدیلیوں کے ساتھ دوبارہ محدود خطوں میں پیش کیا گیا۔
اس پروگرام کو مارچ 2023 میں دنیا بھر میں صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا جبکہ اکتوبر 2023 میں اسے 3 کیٹیگریز میں تقسیم کر دیا گیا، مگر اب بھی اس کا حصہ بننے والوں کی تعداد بہت زیادہ نہیں۔