سوشل میڈیا نیٹ ورک لنکڈان میں گیمز متعارف کرانے کا فیصلہ
سوشل میڈیا پلیٹ فارم لنکڈان کا استعمال بیشتر افراد ملازمت کی تلاش کے لیے کرتے ہیں اور عموماً اسی سے متعلق فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں۔
مگر مائیکرو سافٹ کی زیر ملکیت اس پلیٹ فارم میں ایسا اضافہ کیا جا رہا ہے جو اس کے صارفین کے لیے بالکل نیا ہوگا۔
ایک رپورٹ کے مطابق لنکڈان میں گیمز کا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ لنکڈان کے صارفین کی تعداد ایک ارب سے زائد ہے جو اسے ملازمت کی تلاش یا دیگر مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
مگر کمپنی کو توقع ہے کہ گیمز کے اضافے سے سائٹ پر صارفین کی انگیج منٹ بڑھ جائے گی۔
ابھی واضح نہیں کہ کس طرح کی گیمز کو اس پلیٹ فارم کا حصہ بنایا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر بزل گیمز جیسے ورڈل یا اسی طرح کی دیگر گیمز کو لنکڈان کا حصہ بنایا جائے گا۔
گیمز کو اس پلیٹ فارم کا حصہ بنانے کی تصدیق لنکڈان کے ایک ترجمان نے بھی کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گیمز سے لوگوں کے درمیان بات چیت بڑھے گی اور ان کے باہمی تعلقات بھی گہرے ہوں گے۔
مائیکرو سافٹ کو گیمنگ کی دنیا میں نمایاں حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہ کمپنی ایکس باکس تیار کرتی ہے جبکہ حال ہی میں اس نے Activision Blizzard کو بھی خریدا ہے۔
دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک نے بھی ماضی میں گیمز کو اپنی سروس کا حصہ بنایا مگر انہیں توقعات کے مطابق کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔