بحرین کےکمانڈر نیشنل گارڈ کی آرمی چیف سے ملاقات، دوطرفہ فوجی تعاون مضبوط بنانے پر گفتگو
بحرین کےکمانڈر آف نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو ) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات بھی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بحرین کےکمانڈر آف نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ جی ایچ کیو آئے، اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بحرین کےکمانڈر آف نیشنل گارڈ کی ملاقات بھی ہوئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں دوطرفہ فوجی تعاون کومضبوط بنانے، علاقائی سلامتی اور انسداددہشت گردی کی کوششوں سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف کی جانب سے بحرین کے ساتھ ملٹری تعلقات کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان بحرین سے مضبوط دفاعی، سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو قدرکی نگاہ سےدیکھتا ہے، ملاقات میں آرمی چیف نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سےنمٹنے، خطےمیں امن و استحکام کو فروغ دینے میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
دوسری جانب کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا ملاقات میں کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو تسلیم کیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید بتانا ہے کہ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈجنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں پاکستان سےتعاون مضبوط بنانےکیلئے بحرین کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔