لاہور ہائیکورٹ نے رمضان میں مارکیٹ رات دیر تک کھولنے کی اجازت دیدی
لاہور ہائیکورٹ نے رمضان میں مارکیٹ رات دیر تک کھولنے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں عدالت نے جوڈیشل کمیشن اسٹاف کے ساتھ ایک ریسٹورینٹ مالک کی بدتمیزی کے واقعے کا نوٹس لیا اور ساتھ ہی عدالت نے ریسٹورینٹس سے پارکنگ سے متعلق پلان طلب کیا۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ آئندہ سماعت پر اس ریسٹورینٹ مالک کو عدالت میں بلواتا ہوں، ہم بہتری کے لیے کام کررہے ہیں سب کو اس میں تعاون کرنا چاہیے ۔
ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ٹولینٹن مارکیٹ میں صبح صبح مردہ مرغی کے ٹرک آتے ہیں ، مردہ مرغی کا گوشت 30 روپے والے شاورمے میں استعمال ہوتا ہے ، محکمہ ہیلتھ اور فوڈ اتھارٹی نے چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں، قصور میں ٹینریز کا پانی پھیل رہا ،کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
اس موقع پر وکیل ٹینریز ایسوسی ایشن نے کہا کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے ساتھ مل کر کام کام کررہے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے رمضان میں مارکیٹ رات 12بجے جب کہ ہفتہ اور اتوار رات ایک بجے تک کھولنےکی اجازت دے دی۔