ایکس (ٹوئٹر) ایک ٹی وی ایپ کے ذریعے یوٹیوب کو ٹکر دینے کیلئے تیار

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) میں بہت جلد پوسٹ کی جانے والی طویل ویڈیوز کو اسمارٹ ٹیلی ویژن (ٹی وی) پر دیکھنا ممکن ہو جائے گا۔

ایک رپورٹ کے مطابق ایکس کی جانب سے یوٹیوب سے مقابلے کے لیے ایک ٹی وی ایپ متعارف کرائی جا رہی ہے۔

مخصوص کمپنیوں کے ٹی وی ماڈلز میں یہ ایپ کام کرے گی جس کے ذریعے ایکس پر پوسٹ کی جانے والی طویل ویڈیوز براہ راست ٹیلی ویژن پر دیکھنا ممکن ہوگا۔

ایلون مسک نے بھی ایک ایکس پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ٹی وی ایپ دیکھنے میں یوٹیوب سے ملتی جلتی ہوگی اور اس کے ذریعے ایلون مسک یوٹیوب سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔

البتہ ایکس کی جانب سے فی الحال اس ایپ کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ ایکس کے ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین 2 گھنٹے طویل ویڈیو اس پلیٹ فارم پر پوسٹ کر سکتے ہیں۔

ایلون مسک ایکس کو ویڈیو فرسٹ پلیٹ فارم میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں تاکہ کمپنی کی اشتہاری آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔

اس سے قبل اکتوبر 2023 میں ایکس میں ویڈیو اور آڈیو کالنگ کا فیچر متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو اب تمام صارفین کو دستیاب ہے۔

یہ نئی تبدیلیاں ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو سپر ایپ بنانے کے اقدامات کا حصہ ہیں۔

ایلون مسک عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ٹوئٹر کو ایسی ایپ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر قسم کی سروس صارف کو دستیاب ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *