اسلام آباد یونائیٹڈ دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان کو شکست دیکر پلے آف میں پہنچ گئی
پاکستان سپر لیگ 9 کے 27 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان کا 229 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کیا اور پلے آف میں جگہ بنالی۔
اس سے قبل ملتان، پشاور زلمی بھی پلے آف میں کوالیفائی کر چکی ہیں۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز کی اننگز
ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز یاسر خان اور محمد رضوان نے کیا اور سلطانز کو پہلا نقصان یاسر خان کی صورت میں 44 کے مجموعے پر ہوا، یاسر خان 16 گیندوں پر 33 بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان بھی 20 رنز بنا سکے لیکن عثمان خان نے ایک بار پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز کی درگت بنائی اور 50 گیندوں پر 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 15 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے،اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے دو اور حنین شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز
ملتان سلطانز کا 229 رنزکا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے آخری گیند پر حاصل کرلیا۔
کولن منرو 84 رنز بناکر نمایاں رہے، کپتان شاداب خان نے 54 رنزبنائے، عماد وسیم 30 رنزبناکر ناقابل شکست رہے اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی۔اس کے علاوہ فہیم اشرف 23 اور حیدرعلی نے 19 رنزبنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی 3 اور محمد علی نے 2و کٹیں لی۔
پوائنٹس ٹیبل
پی ایس ایل سیزن 9 کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ 11،11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔
کوئٹہ 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور کراچی کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔