اسلم اقبال حلف نہ اٹھا سکے، سنی اتحاد کونسل نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا امیدوار تبدیل کردیا
پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب پیر کو ہوگا، وزارت اعلیٰ کے منصب کیلئے سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار میاں اسلم اقبال حلف اٹھانے کیلئے اسمبلی نہ پہنچ سکے جس کے بعد سنی اتحاد نے اپنا امیدوار تبدیل کردیا ہے۔
پی ٹی آئی کے روپوش رہنما حماد اظہر کے مطابق وزارت اعلیٰ کا امیدوار تبدیل کرنے کا فیصلہ نامزد امیدوار اسلم اقبال کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق اب سنی اتحاد کونسل کی طرف سے رانا آفتاب احمد خان وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن پہلے ہی مریم نواز کو نامزد کر چکی ہے، تاہم اب ان کا مقابلہ سنی اتحاد کے میاں اسلم اقبال کے بجائے رانا آفتاب احمد خان سے ہوگا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب پیر کو ہوگا، وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں شامل ہونے کیلئے کاغذات نامزدگی آج شام 5 بجے تک جمع کروائے جا سکیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے ہونے والے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے ملک احمد خان نے صوبائی اسمبلی میں اسپیکر منتخب ہو چکے ہیں۔
ملک احمد خان نے 224 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار احمد خان بھچر 96 ووٹ حاصل کر سکے۔
مسلم لیگ ن کے اقبال چنڑ 220 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر منتخب ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض قریشی نے 103 ووٹ حاصل کرپائے۔
اسپیکر کے انتخاب میں دو ووٹ مسترد کیے گئے، پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک سبطین خان نے نتائج کا اعلان کرنے کے بعد نئے اسپیکر سے حلف لیا۔