لیاقت چٹھہ میرا قریبی دوست، کافی عرصے سے ذہنی مسائل کا شکار ہے: رانا ثنا

سابق وفاقی وزیر داخلہ اور رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ لیاقت علی چھٹہ میرے قریبی دوستوں میں شامل ہے، جانتاہوں کہ وہ کافی عرصے سے ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔

 ایک نیوز چینل سے گفتگو کے دوران کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا لیاقت علی چٹھہ بڑے عرصے سے میرے ذاتی دوستوں میں شامل ہیں، ایسی کوئی بات ہوتی تو کمشنر راولپنڈی مجھے ضرور  بتاتے، لیاقت علی چٹھہ کے ساتھ ذہنی مسئلہ کافی عرصے سے ہے کیونکہ خودکشی کی کوشش کرنے والا ذہنی طور  پر تندرست نہیں ہوتا، اس کے لیے شاید ان کا علاج بھی چل رہا تھا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی 12 صوبائی اور  6 قومی سیٹوں کی طرف بعد میں جائیں، پہلے لیاقت علی کی ذہنی صحت کا تعین ہونا چاہیے اور اگر لیاقت علی چٹھہ کی ذہنی صحت ٹھیک ہے تو انہیں بطور گواہ پیش کیا جانا چاہیے۔

رہنما مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ لیاقت علی چٹھہ نے دھاندلی کے الزامات لگائے ہیں ان کی تحقیقات ہر صورت میں ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ کمشنر راولپنڈی نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں راولپنڈی ڈویژن میں دھاندلی کی ذمےداری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *