وزیراعلیٰ پنجاب کا کمشنر پنڈی کے الزامات کا نوٹس، حقائق قوم کے سامنے لانے کا اعلان
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مستعفی ہونے والے کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چھٹہ کی جانب سے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کے الزامات کا معاملے پر انکوائری کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم جاری کر دیا۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے لگائے گئے الزامات سے متعلق اصل حقائق کو قوم کے سامنے لایا جائےگا اور الزامات کی آزادانہ انکوائری کرائی جائےگی۔
کمشنر راولپنڈی کا انتخابات میں سنگین بے ضابطگیوں کا اعتراف، عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان
دوسری جانب نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے بھی ایک نیوز چینل سے گفتگو کے دوران کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے الزامات کوئی جنونی یا نفسیاتی مسائل کا حامل شخص ہی لگا سکتا ہے، معاملے کی مکمل تحقیقات ہو گی اور اس بات کی بھی تحقیقات ہوں گی کہ اس طرح کی ذہنیت رکھنے والا شخص اتنے بڑے عہدے پر کیسے پہنچا۔
دوسری جانب کمشنر راولپنڈی کی جانب سے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے معاملے پر سیاسی جماعتوں نے بھی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔