پی ٹی آئی نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ عمر ایوب ہمارے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا 10 ماہ بعد عمران خان سے ملاقات ہوئی اور سیاسی معاملات پر مشاورت ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے عمر ایوب کو نامزد کیا ہے وہی وزیراعظم ہو گا۔
اسد قیصر نے کہا کہ ملکی تاریخ کے بدترین انتخابات ہیں، انتخٓبات میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، مجھے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، جے یو آئی، اے این پی، جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتیں سب سے بات کریں گے۔
ہم اسمبلی میں بیٹھیں گے اور قانونی جنگ بھی لڑیں گے: اسد قیصر
ان کا کہنا تھا الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی، ایسی دھاندلی زدہ حکومت کو کوئی تسلیم نہیں کرےگا، ہم اسمبلی میں بیٹھیں گے اور قانونی جنگ بھی لڑیں گے ، ایک دو روز میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں گے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا الیکشن دھاندلی پر یورپ اور امریکا کو اس کی ذمہ داری یاد دلا رہے ہیں، امریکا جمہوری حقوق کا علمبردار اور دعوے دار ہے اس لیے توجہ مبذول کرائی۔
ان کا کہنا تھا قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں اور عوام نے جس کو ووٹ ڈالا حکومت اس کا حق ہے، ہم اسمبلی میں احتجاجاً جائیں گے اور عوام کے سامنے بھی مؤقف پیش کریں گے، بانی پی ٹی آئی جو فیصلہ کرتے ہیں ہم من و عن عمل کرتے ہیں۔
اسد قیصر کے بھائی اسپیکر کے پی اسمبلی کیلئے نامزد
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو پختونخوا میں اسپیکر کیلے نامزد کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا انتخابات پر جس طرح امریکا کو آواز بلند کرنی چاہیے تھی اس نے نہیں کی، امریکا پوری دنیا میں جمہوریت کا دعویدار ہے اس پر اپنا کردار ادا کرے، بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا کہ امریکاکے پاس موقع ہے کہ اپنی غلطیوں کا ازالہ کرے، امریکانے ہمیشہ ڈکٹیٹرز کی پشت پناہی کی اور کرپٹ لوگوں کو سپورٹ کیا۔
یاد رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 92 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جبکہ سیاسی جماعتوں میں مسلم لیگ ن 79 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔