وزیر اعظم کا انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم کا تہہ دل سے شکریہ اور مبارکباد
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر قوم کا تہہ دل سے شکریہ اور مبارکباد دی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ، عبوری صوبائی حکومتوں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسزکی کاوشیں قابل تعریف ہیں، آزادانہ انتخابات کے انعقاد میں پولیس، انتخابی عملے، میڈیا کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اہم موقع ہمارے جمہوری عمل کی لچک اور طاقت کا ثبوت ہے، پاکستان کے عوام کی شرکت اور جوش و خروش اس جمہوری مشق کا سنگ بنیاد رہا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی اور ساتھ ہی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا اور کروڑوں افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔