ایپل کی پہلی فولڈ ایبل ڈیوائس پر کام جاری
اب تک متعدد کمپنیوں نے فولڈ ایبل فون تیار کیے ہیں مگر ایپل نے ایسا کوئی آئی فون متعارف نہیں کرایا۔
اب اس حوالےسے اہم پیشرفت ہوئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ آئندہ چند برسوں میں ایپل کی پہلی فولڈ ایبل ڈیوائس متعارف کرائی جا سکتی ہے۔
9 ٹو 5 میک کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کی پہلی فولڈ ایبل ڈیوائس 2026 یا 2027 میں متعارف کرائی جاسکتی ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فولڈ ایبل آئی فون ہوگا یا آئی پیڈ منی کی جگہ اسے پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے کسی نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں جلد بازی نہیں کی جاتی اور اس کے بہتر ہونے کا انتظار کیا جاتا ہے۔
ابھی فولڈ ایبل فونز تیار تو ہو رہے ہیں مگر ان میں کافی مسائل سامنے آرہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس ڈیوائس کی اندرونی اسکرین 7 سے 8 انچ کی ہوسکتی ہے اور اسی لیے یہ آئی پیڈ منی کے متبادل کے طور پر بھی پیش کی جاسکتی ہے۔
مگر اب تک اس ڈیوائس کی تفصیلات کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔
خیال رہے کہ فولڈ ایبل آئی فون کے حوالے سے افواہیں کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں۔
اپریل 2022 میں ایک تجزیہ کار منگ چی کیو نے پیشگوئی کی تھی کہ پہلا فولڈ ایبل آئی فون 2025 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
2021 میں مختلف رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ایپل کی جانب سے کمپنی کے اندر فولڈنگ ڈسپلے کے پروٹوٹائپ ماڈلز پر کام ہورہا ہے۔
کچھ رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور پر آئی فون سے قبل ایپل کی جانب سے فولڈ ایبل آئی پیڈ ٹیبلیٹ کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔