خیبرپختونخوا میں تبدیلی میں لےکر آؤں گا: نواز شریف
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نےکہا ہےکہ خیبرپختونخوا میں تبدیلی میں لےکر آؤں گا، خیبر پختونخوا کے لوگ ایک شخص کے جال میں پھنس گئے، نئے پاکستان اور تبدیلی کی تلاش میں پرانا پاکستان بھی تباہ و برباد کردیا۔
مینگورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ جن کو آزما چکے ان کو بار بار آزمانا ٹھیک نہیں، یہاں کونسا نیا موٹروے اور بجلی کا منصوبہ لگا، وہ 300 ڈیم کہاں گئے؟ کہیں بلین ٹری منصوبہ نظر نہیں آیا، سوات والوں نوازشریف نے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کیسے ا س شخص کے جال میں پھنس گئے جس نے آپ سےایک کروڑ نوکریوں اور گھروں کا وعدہ کیا تھا، یہاں ہزاروں کا مجمع ہے، پچاس لاکھ گھروں میں سےکسی کو گھر ملا؟ ووٹ لینےکے بعدکیا دیا؟ گھر نہ نوکری، آپ لوگ جال میں پھنس گئے، نئے پاکستان اور تبدیلی کی تلاش میں آپ نے پرانا پاکستان بھی برباد کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بتاؤ آج ملک میں مہنگائی ہے یا نہیں؟ نواز شریف کا دور اچھا تھا کہ یہ دور اچھا ہے؟ ہم جھوٹ نہیں بولتے، عوام سے کبھی جھوٹ نہیں بولا، آئندہ بھی سچ بولوں گا، میں جھوٹ بول کر اپنی عاقبت خراب نہیں کرسکتا، آپ سے جھوٹ کہے جاتے تھے، آپ اس جال میں پھنس گئےاور ملک کا یہ حال ہوگیا، اللہ سے معافی مانگو، میں بھی مانگوں گا۔
انہوں نےکہا کہ آپ ن لیگ کو موقع دیں گے تو خیبرپختونخوا کی تقدیر بدل دیں گے، آج 25 روپے میں روٹی ملتی ہے، ہمارے دور میں 5 روپےکی تھی۔