2017 بہتر تھا یا آج کا دور، ان سے پوچھو کیوں اتنا بڑا ظلم کیا؟ نواز شریف
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا کہ 2017 بہتر تھا یا آج کا دور، ان سے پوچھو کیوں اتنا بڑا ظلم کیا؟
سیالکوٹ میں ن لیگ کے جلسہ عام سے خطاب میں نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد ن لیگ کے ساتھ ہے،کون ہیں وہ لوگ جو کہتے ہیں یوتھ ن ليگ کے ساتھ نہيں، وہ آج کے جلسے میں دیکھ لیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارا منصوبہ ہے نوجوانوں کو ان کے پیروں پر کھڑا کریں گے ، کاروبار کے لیے قرضہ دیں گے، ہر نوجوان تک پہنچنےکی کوشش کریں گے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ موٹروے دوبارہ بنےگی،لاہور سے سیالکوٹ ٹرین بھی چلائيں گے، سیالکوٹ باوفا لوگوں کا شہر ہے، سیالکوٹ اپنی پہچان رکھتا ہے، بہادر لوگوں کا شہر ہے، اس کا نام برصغیر میں گونجتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کا سب سےبڑا باوفا شخص خواجہ آصف میرے ساتھ کھڑا ہے، خواجہ آصف سے 34 سال کا تعلق نہیں یہ 55 سال کا تعلق ہے، خواجہ آصف اور میں نےگورنمنٹ کالج لاہور سے اکٹھےگریجویشن کی، خواجہ آصف کے والد نے میری سیاسی تربیت کی۔