ملک پارلیمانی جمہوری نظام پر چلے گا اور اس پر سب کا اتفاق ہے: مرتضیٰ سولنگی
اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ ملک وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام پر چلے گا اور اس پر سب کا اتفاق ہے۔
اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب میں نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن نےضابطہ اخلاق جاری کیا ہے، میڈیاکو الیکشن کمیشن کےضابطہ اخلاق سےضرور آگاہ ہونا چاہیے، الیکشن سے متعلق بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا، 8 فروری کےانتخابات کے بارے میں بہت سےلوگوں نے قیاس آرائیاں کیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اپنا مؤقف مستقل مزاجی سے پیش کیا، ملک وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام پر چلے گا اور اس پر سب کا اتفاق ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم میں آرٹیکل224 میں ترمیم کرکے نگران حکومتوں کا نظام لایاگیا، پارلیمانی نظام میں قانون سازی سے بہتری لائی جاسکتی ہے، عوام کے پاس اختیار ہونا چاہیےکہ وہ اپنےمنتخب نمائندوں کو جوابدہ بنائیں۔