این اے 83 اور این اے 85 میں انتخابات ملتوی کرنے کے آر او کے نوٹیفکیشن منسوخ
الیکشن کمیشن نے سرگودھا سے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 83 اور این اے 85 میں انتخابات ملتوی کرنے کے ریٹرننگ آفیسر (آر او)کے نوٹیفکیشن منسوخ کر دیے۔
الیکشن کمیشن نے آر او اور ڈی آر او کے فیصلے کی روشنی میں این اے 83 اور 85 پر آزاد امید وار صادق علی کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کر دیے تھے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ آزاد امیدوار صادق علی 15 جنوری کو انتقال کر گئے ہیں لہذا دونوں حلقوں میں الیکشن ملتوی کر دیے گئے ہیں، الیکشن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے آر او کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن میں اپیل دائر کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ آزاد امیدوار صادق علی کا انتقال 2 جنوری کو ہوا اور ان کا نماز جنازہ 3 جنوری کو پڑھایا گیا، ان کے انتقال کی 15 جنوری کی خبر میں صداقت نہیں ہے، صادق علی کے انتقال کی من گھڑت خبر الیکشن ملتوی کرانے کی سازش ہے۔
الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے رہنما کی درخواست پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او)، ریٹرننگ آفیسر، امام مسجد، چوکیدار اور پٹواری کو بھی نوٹس جاری کیا تھا۔
این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں انتخابات ملتوی ہونے کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں آج سماعت ہوئی۔
الیکشن کمیشن نے شواہد کی روشنی میں این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں انتخابات ملتوی کرنے کے آر او کے نوٹیفکیشن منسوخ کر دیے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ دونوں حلقوں میں عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، انتخابی عمل جاری رکھا جائے۔