نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کوپی سی بی میں اہم عہدہ دینے کا فیصلہ
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی جگہ محسن نقوی کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
محسن نقوی اس وقت پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ بھی ہیں جنہیں بورڈ آف گورنرز میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ آف گورنرز میں وزیر اعظم کی دو نامزدگیاں ہوتی ہیں، ایک مصطفیٰ رمدے ہیں اور دوسرے اب محسن نقوی کا شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات میں بورڈ آف گورنرز میں سے ہی چیئرمین منتخب کیا جاتا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی گفتگو:
صحافی نے محسن نقوی سے سوال کیا کہ آپ کو چیئرمین پی سی بی لگایا جا رہا ہے؟ جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ کیا واقعی مجھے چیئرمین پی سی بی لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے سر ہلا کر چیئرمین پی سی بی سےمتعلق تصدیق کی اور کہا کہ کوشش کروں گا کرکٹ کے معاملات کو بھی تیزی سے حل کروں، کرکٹ میں اصلاحات بہت ضروری ہیں، ملک کی خدمت کے لیے جو رول ملا اسے پورا کروں گا، اپنی کابینہ میں بھی ایک کرکٹر کو وزیر بنایا۔
واضح رہے کہ 19 جنوری کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ذکا اشرف نے بطور چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور ممبر بورڈ آف گورنرز کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔