ایران کی طرف سے پاکستانی خود مختاری کی خلاف ورزی تعلقات کو نقصان پہنچاتی ہے: وزیر اطلاعات

کوئٹہ: نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہےکہ ایران کی طرف سے پاکستانی خود مختاری کی خلاف ورزی تعلقات، اعتماد اور تجارتی روابط کو نقصان پہنچاتی ہے۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان خصوصاً بلوچستان میں دشمن قوتیں بیرونی مداخلت کی کوشش کررہی ہیں لیکن دشمن کبھی اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے، ہم ہر جگہ دشمن قوتوں کا بھر پور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دفترخارجہ کہہ چکا ہےدہشتگردی خطےکے ممالک کے لیے مشترکہ خطرہ ہے، دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کےلیے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے،  ہم سیاسی کارکن ہیں اورہر قسم کی دہشتگردی کےخلاف ہیں۔

ایرانی حملے پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے پاکستانی خود مختاری کی خلاف ورزی تعلقات،اعتماد اور تجارتی روابط کو نقصان پہنچاتی ہے، بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے حکومت اور سکیورٹی ادارے پوری طرح تیار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایران کےحملے میں دو بچیاں شہید ہوئیں اور تین زخمی ہیں، دفتر خارجہ نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے، مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔

جان اچکزئی کا کہنا تھا پاکستان کے مستعد ادارے دہشتگردوں سے نمٹنا جانتے ہیں، مزید علیحدگی پسند جلد قومی دھارے میں آنے والے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے حوالے سے ہمارا مؤقف واضح ہے، ہم ان سے باہمی تعلقات پریقین رکھتےہیں، دہشتگردی کے بہت سے واقعات میں افغانستان کےلوگ ملوث رہےہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *