رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ورکرز ترسیلات میں کمی
کراچی: اسٹیٹ بینک نے بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر کی تفصیلات جاری کردیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دسمبر میں 2 ارب 38 کروڑ ڈالر وطن بھیجے جن میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے دسمبر میں 57 کروڑ 76 لاکھ ڈالر بھیجے، 6 مہینوں میں سعودی عرب سے 3.25 ارب ڈالر موصول ہوئے جب کہ عرب امارات سے دسمبر میں 41 کروڑ 92 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے گئے، برطانیہ سے 36 کروڑ، یورپی یونین سے 28 اور امریکا سے 26 کروڑ ڈالر بھیجے۔
اسٹیٹ بینک کا بتانا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 13 ارب 43 کروڑ ڈالر بھیجے گئے جب کہ مالی سال 2023 کی پہلی ششماہی میں ورکرز ترسیلات 14 ارب 41 کروڑ ڈالر تھیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ورکرز ترسیلات 6.8 فیصد کم رہیں، جولائی سے دسمبر کی اوسط ماہانہ ورکرز ترسیلات 2.23 ارب ڈالر رہیں۔
اسٹیٹ بینک نے بتایاکہ 6 مہینوں میں سعودی عرب سے ورکرز ترسیلات 8.9 فیصد کم رہیں، عرب امارات سے 6 مہینوں میں ورکرز 11 فیصد کم ہوکر 2.32 ارب ڈالر رہیں۔