گوگل میپس میں ایک نیا اور بہترین فیچر متعارف
اگر آپ ڈرائیونگ کے دوران راستوں کو سمجھنے کے لیے اکثر گوگل میپس استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس میں ایک کارآمد فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
تھری ڈی بلڈنگز نامی فیچر گوگل میپس میں جلد صارفین کو دستیاب ہوگا۔
ویسے تو گوگل میپس ایپ میں تھری ڈی بلڈنگز کا آپشن لیئرز (layers)کافی عرصے سے دستیاب ہے مگر نیوی گیشن موڈ میں اسے استعمال کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
مگر اب کمپنی کی جانب سے نیوی گیشن موڈ میں اس فیچر کو استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
9 ٹو 5 گوگل کی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس میں نیوی گیشن کے دوران تھری ڈی بلڈنگز کا آپشن کچھ صارفین کو دستیاب ہے۔
یہ فیچر شہروں میں سفر کے دوران بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگا اور یہ جاننا آسان ہو جائے گا کہ منزل پر پہنچنے کے لیے کس راستے پر مڑنا بہتر ہوگا۔
عمارات کو تھری ڈی شکل میں دیکھنے کے لیے ایپ کے میپ ڈیٹلز سیکشن میں تھری ڈی لیئر کو ٹرن آن کرنا ہوگا۔
اس کے لیے ایپ میں لیئرز آئیکون پر کلک کرکے تھری ڈی آپشن کا انتخاب کریں۔
اس کے بعد نیوی گیشن موڈ استعمال کرتے ہوئے زوم کرنے پر عمارات تھری ڈی شکل میں نظر آئیں گی۔
یہ فیچر شہروں یا زیادہ عمارات والے علاقوں میں ہی استعمال ہو سکے گا اور میپ میں زوم کرنا ضروری ہوگا۔
جیسا اوپر درج کیا جا چکا ہے کہ یہ فیچر فی الحال کچھ صارفین کو دستیاب ہے مگر امکان ہے کہ جلد تمام افراد اسے استعمال کرسکیں گے۔