حماد کے قومی اسمبلی کیلئے کاغذات مسترد، پنجاب اسمبلی کیلئے منظور، مریم کے کاغذات کیخلاف اپیل خارج
لاہور ہائیکورٹ اپیلیٹ ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تاہم پنجاب اسمبلی کی نشست کے لیے حماد اظہر اور ان کے والد کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔
حماد اظہر اور ان ان کے والد میاں اظہر کے تجویز اور تائید کنندہ ٹربیونل کے سامنے پیش ہوئے جس کے بعد پی پی 171 سے حماد اظہر اور ان کے والد میاں اظہر کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔
اپیلٹ ٹربیونل کے جج جسٹس احمد ندیم ارشد نے آر او کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے دونوں کے کاغذات منظور کر لیے، آر او نے تجویز اور تائیدکنندہ کے پیش نہ ہونے پر دونوں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تھے۔
اپیلیٹ ٹربیونل کے جسٹس طارق ندیم نے حماد اظہر کی اپیل خارج کرتے ہوئے آر او کا فیصلہ بحال رکھا اور حماد اظہر کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 سے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے۔
ادھر الیکشن ٹربیونل نے این اے 119 لاہور سے مریم نوازکےکاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف ندیم شیروانی کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی امیدوار کی اپیل خارج کر دی۔
اپیلیٹ ٹربیوبل لاہور نے میاں اسلم اقبال کے تجویز اور تائید کنندہ کے پیش ہونے پر پی پی 171 سے میاں اسلم اقبال کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کے کاغذات منظور کر لیے۔
لاہور ہائیکورٹ اپیلیٹ ٹربیونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے پی ٹی آئی ورکر صنم جاوید کے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 119 اور120 کے علاوہ پی پی 150 سے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے آر او کا فیصلہ برقرار رکھا۔