امریکی سپریم کورٹ کا ٹرمپ کو نااہل قرار دیے جانے کے خلاف اپیل سننے کا فیصلہ
امریکا کی سپریم کورٹ نے کولوراڈو عدالت کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو نااہل قرار دیے جانے کے خلاف اپیل سننے کا فیصلہ کرلیا۔
امریکا کی وفاقی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں 8 فروری کو زبانی دلائل سنے گی۔
کولوراڈو کی عدالت نے صدارتی امیدوار بننے کے سر فہرست ری پبلکن خواہش مند ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیا تھا، عدالت نے یہ کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ 6 جنوری کو کیپیٹل ہل پر حملے میں ملوث ہیں اور اس کردار کی بنا پر وہ بغاوت کے مجرم ہیں۔
ٹرمپ جمہوریت کیلئے خطرہ: صدر بائیڈن
دوسری جانب 6 جنوری کو کیپیٹل ہل پر حملے کا ذکر کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے ٹرمپ کو جمہوریت کیلئے خطرہ قرار دیا۔
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ خود کو اقتدار میں لانے کیلئے امریکی جمہوریت کو قربان کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کے صدارت کے آخری ایام میں ان کے حامیوں نے امریکی پارلیمنٹ کی عمارت پر حملہ کیا تھا جس کی انہوں نے حمایت کی تھی جب کہ اس واقعے کے بعد ٹرمپ کو مواخذے کی تحریک کا بھی سامنا تھا جو کامیاب نہ ہوسکی۔
کیپیٹل ہل حملے کی حمایت کرنے پر ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بلاک کردیے گئے تھے۔