آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح کا کیس، سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح کے کیس میں وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح کے کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 7 رکنی بینچ کر رہا ہے، لارجر بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل ہیں۔
کیس کی سماعت شروع ہونے پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے انتخابات سے متعلق انفرادی کیس ہم نہیں سنیں گے، ہم آئینی تشریح سے متعلق کیس کو سنیں گے، انتخابات سے متعلق انفرادی کیس اگلے ہفتے کسی اور بینچ میں لگا دیں گے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا ہم نے نااہلی کیس میں پبلک نوٹس جاری کیا لیکن کوئی ایک سیاسی جماعت فریق نہیں بنی، پاکستان کے عوام کا کسی کو خیال نہیں ہے، ملک تباہ کردیں کچھ نہیں ہوتا،کاغذات نامزدگی میں ایک غلطی تاحیات نااہل کر دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا ہم خود کو آئین کی صرف ایک مخصوص جز اور اس کی زبان تک محدود کیوں کر رہے ہیں ؟ ہم آئینی تاریخ کو ، بنیادی حقوق کو نظرانداز کیوں کر رہے ہیں؟ مخصوص نئی شقیں داخل کرنے سے کیا باقی حقوق لے لیے گئے؟ صرف ایک جنرل نے 62 ون ایف کی شق ڈال دی تو ہم سب پابند ہو گئے؟
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کیا کسی اور ملک میں سیاستدانوں کا ایسا ٹیسٹ ہوتا ہے؟ کیا دنیا کے کسی ملک میں انتخابات سے پہلے اتنا سخت ٹیسٹ ہوتا ہے؟
الیکشن ٹربیونل پورے الیکشن کوبھی کالعدم قرار دے سکتا ہے: وکیل مخدوم علی خان
وکیل مخدوم علی خان کا کہنا تھا کسی اور ملک میں سیاستدانوں کیلئے ایسا کوئی ٹیسٹ نہیں ہوتا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کیا ہمارے سیاستدان پوری دنیا کے سیاستدانوں سے الگ ہیں؟ کاغذات نامزدگی میں ذاتی معلومات دیں اور انتخابات کیلئے اہل ہو جائیں۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا سمیع اللہ بلوچ کیس میں معاشرے کے قرض کا ذکر مضحکہ خیز ہے، قتل پر لواحقین سےصلح پرمعاملہ ختم ہو جائے تو معاشرےکا قرض کہاں جاتا ہے؟ کاغذات نامزدگی میں کچھ غلط ہو جائے توتاحیات نااہل کیسے ہو جائےگا؟ کاغذات نامزدگی میں پوچھا جاتا ہے آپ کے پاس کتنا سونا ہے؟ اگر سونا رکھنے سے متعلق درست نہ بتایا جائے تو تاحیات نااہل کر دیتے ہیں، تاحیات نااہلی کی کوئی تو منطق ہونی چاہیے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ فراڈ پر ایک شخص کو سزا ہو جائے توکیا سزاکے بعد انتخابات لڑ سکتا ہے؟ جس پر وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ دھوکہ دہی میں سزا پوری ہونے کے بعد انتخابات میں حصہ لیا جا سکتا ہے، الیکشن ٹربیونل پورے الیکشن کوبھی کالعدم قرار دے سکتا ہے۔
عدالت کسی کوبددیانت قرار دے لیکن معاشرہ اسے ایماندار سمجھتا ہو تو فیصلےکا کیا ہوگا؟ جسٹس مسرت ہلالی
وکیل مخدوم علی خان کا کہنا تھا الیکشن میں کرپٹ پریکٹس کی سزا 2 سال ہے، چیف جسٹس پاکستان نے کہا نیب قانون میں بھی سزا 10 سال کرائی گئی، آئین وکلا کیلئے نہیں عوام پاکستان کے لیے ہے، آئین کو آسان کریں، آئین کو اتنا مشکل نہ بنائیں کہ لوگوں کا اعتماد ہی کھو دے، فلسفیانہ باتوں کے بجائے آسان بات کریں۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ عوام کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ کون صادق اور امین ہے جبکہ چیف جسٹس کا کہنا تھا لارجربینچ بنایا تاکہ سوالات کا جواب ہو لیکن معاملہ الجھتا جا رہا ہے، انتظارکرلیتے ہیں،کیا پتا سوالات کے جوابات اس سے بڑے بینچ سے آجائیں۔
جسٹس مسرت ہلالی کا کہنا تھا کیا ایک شخص کی غلطی سے پورا حلقہ متاثر کیا جا سکتا ہے؟ مخصوص کیس کے باعث حلقے کے لوگ اپنے نمائندے سے محروم کیوں ہوں، کیسے ممکن ہے ایک شخص پر مخصوص مقدمہ بنے اورپورا حلقہ اس کے نتائج بھگتے، عدالت کسی کوبددیانت قرار دے لیکن معاشرہ اسے ایماندار سمجھتا ہو تو فیصلےکا کیا ہوگا؟
کیا ہمارے پارلیمان میں بیٹھے لوگ بہت زیادہ سمجھدار ہیں؟ چیف جسٹس
جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کیا عدالت الیکشن ایکٹ سیکشن 232 کو کالعدم قرار دے سکتی ہے؟ جس پر وکیل مخدوم علی خان کا کہنا تھا سیکشن 232 عدالت کے سامنے چیلنج نہیں ہوا، اس کوکالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا، عدالت خود کو صرف سمیع اللہ بلوچ فیصلے تک محدود رکھے، الیکشن ایکٹ ترمیم پر فیصلے کیلئے اس کےخلاف درخواست آنا ضروری ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ عدالت نے اپنا ہی فیصلہ دیکھنا ہےتوکیا 62 ون ایف کے تحت نااہلی تاحیات ہونی چاہیے؟ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہا گیا کہ عام قانون سازی آئینی ترمیم کا راستہ کھول سکتی ہے، اس کا کیا مطلب ہے کہ ہم اپنی مرضی سے جو فیصلہ چاہیں کردیں؟ کیا ہمارے پارلیمان میں بیٹھے لوگ بہت زیادہ سمجھدار ہیں؟
جسٹس محمدعلی مظہر نے پوچھا کوئی کاغذات میں جھوٹ بولےتوکیا آراو مواد دیکھ کر ڈکلیئریشن دے سکتا ہے؟ جس پر وکیل مخدوم علی خان نے بتایا کہ بالکل نہیں، ریٹرننگ افسر کورٹ آف لاء نہیں جو ڈکلیئریشن جاری کرے، جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کیا ہائیکورٹ ڈکلیئریشن جاری کر سکتی ہے؟ وکیل مخدوم علی خان نے بتایا میں سمجھتا ہوں آرٹیکل199 کے تحت ہائیکورٹ ڈکلیئریشن دے سکتی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ پارلیمنٹ نے نااہلی کی مدت طےکردی پھرتویہ اکیڈمک سوال ہوا کہ نااہلی کی مدت کیا ہوگی؟ جبکہ جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا اگرسمیع اللہ بلوچ فیصلے کوکالعدم قراردیں تو سزا کتنی ہوگی؟ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا کہنا تھا پارلیمنٹ کہہ چکی ہے نااہلی 5 سال ہوگی، کیا سمیع اللہ بلوچ کیس میں اٹارنی جنرل کونوٹس کیا گیا تھا؟ریکارڈ منگوالیں۔
پورا پاکستان 5 سال نااہلی کے مدت کے قانون سے خوش ہے: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ
مخدوم علی خان کا کہنا تھا سپریم کورٹ صرف سمیع اللہ بلوچ فیصلے کو دیکھے، سیکشن 232 کو چیلنج ہی نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ میں توبہ کے نظریہ کی بات ہوئی، عدالت کو سمیع اللہ بلوچ کیس میں تاحیات نااہلی کے فیصلے کوختم کرنا ہوگا، سمیع اللہ بلوچ فیصلے کوختم کریں کیونکہ اس کیس میں بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کیاکوئی مثال ہے نااہل اور سزا یافتہ شخص کولنگ پیریڈ کے بعد انتخابات لڑنے آجائے؟ جبکہ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کیا عدالت قراردے سکتی ہےالیکشن ایکٹ سیکشن 232 آنےسے تاحیات نااہلی کا فیصلہ خود بےاثرہو گیا؟
جسٹس منصورعلی شاہ نے پوچھا کیا ذیلی آئینی قانون سازی سے آئین میں ردوبدل ممکن ہے؟ جس پر چیف جسٹس نے کہا اس سوال کا جواب ہم سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر فیصلے میں دے چکے، قانون سازی سے آئین میں ردوبدل ہوسکتا ہے۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ نے وکیل مخدوم علی خان کو ہدایت کی کہ آپ آج ہی اپنی تحریری معروضات جمع کرا دیں، پورا پاکستان 5 سال نااہلی کے مدت کے قانون سے خوش ہے، کسی نے 5 سال نااہلی کا قانون چیلنج ہی نہیں کیا۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان کے دلائل
وقفے کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل منصور عثمان نے اپنے دلائل میں 2015 کے اسحاق خاکوانی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا سمیع اللہ بلوچ کیس میں اسحاق خاکوانی کیس کو ڈسکس نہیں کیا گیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا بڑی عجیب بات ہے کہ سمیع اللہ بلوچ کیس میں خاکوانی کیس ڈسکس نہیں ہوا، جسٹس منصور علی شاہ نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا اصل میں خاکوانی کیس کیا تھا؟
سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی کیس میں آئین کی تشریح غلط کی: اٹارنی جنرل
اٹارنی جرل نے بتایا کہ خاکوانی کیس نااہلی سے ہی متعلق تھا، کورٹ آف لاء کیا ہوگی2015 میں 7 رکنی بینچ نے یہ معاملہ اٹھایا، سمیع اللہ بلوچ کیس نے کورٹ آف لاء کے سوال کا جواب نہیں دیا، چیف جسٹس نے پوچھا سمیع اللہ بلوچ کیس میں کیا اسحاق خاکوانی کیس کا حوالہ موجود ہے؟
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سمیع اللہ بلوچ کیس میں خاکوانی کیس کو ڈسکس نہیں کیا گیا، جسٹس جواد ایس خواجہ نے لکھا تھا یہ معاملہ متعلقہ کیس میں دیکھیں گے، اس کے بعد یہ معاملہ کبھی نہیں دیکھا گیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کسی نے یہ نہیں کہا یہ معاملہ فیڈرل شریعت کورٹ کے اختیار میں ہے؟ اسلامی معاملات پر دائرہ اختیار تو شریعت کورٹ کا ہوتا ہے، اٹارنی جنرل نے کہا سمیع اللہ بلوچ کیس میں تاحیات نااہلی کا فیصلہ درست نہیں، سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی کیس میں آئین کی تشریح غلط کی ہے، سپریم کورٹ تعین کرےکہ سیاستدانوں کی اہلیت کی ڈکلیئریشن کس نےدینی ہے۔
جسٹس امین نے پوچھا کیا آپ چاہتے ہیں اسحاق خاکوانی کیس میں اٹھائے گئے سوالات کا فیصلہ ہم کریں؟ جس پر منصور عثمان نے کہا عدالت کو مختلف آئینی سوالات کا تعین کرنا ہوگا، عدالت فیصلہ کرے کہ نااہلی کی ڈکلیئریشن کس نے دینی ہے، عدالت فیصلہ کرے کہ کورٹ آف لاء کیا ہے۔
سپریم کورٹ نے درخواست گزار، اٹارنی جنرل اور عدالتی معاونین کے دلائل سننے کے بعد تاحیات نااہلی سے متعلق آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت میں درخواست گزار کے وکیل خرم رضا اور عدالتی معاون عزیر بھنڈاری نے دلائل دیے تھے۔
چیف جسٹس پاکستان نے دوران سماعت ریمارکس دیے تھے کہ انتخابات 8 فروری کو ہو رہے ہیں کوئی کنفیوژن نہ پھیلائی جائے، ہر روز درخواستیں دائر کر کے انتخابات کی راہ میں رکاوٹیں نہ پیدا کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا 5 جینٹلمین کی دانش 326 کی پارلیمان پر کیسے غالب آ سکتی ہے، پارلیمنٹ کے فیصلے کو حقارت کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے، آئین میں کہاں لکھا ہے کہ نااہلی کی سزا تاحیات ہو گی، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ جب موڈ میں ہوں تو تاحیات نااہل کر دیں اور جب موڈ نہیں ہے تو نااہلی ختم کر دیں۔