نیب سزا یافتہ کیلئے 10 سالہ نااہلی کی مدت بحال
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب سزا یافتہ کے لیے 10 سالہ نااہلی کی مدت بحال کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے نیب کی اپیل پر سماعت کی جس سلسلے میں سینئر اسپیشل پراسیکیوٹر نیب محمد رافع عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر جسٹس محسن اختر کیانی نے سوال کیا کہ 62 ون ایچ میں نااہلی کے حوالے سے کیا لکھا ہوا ہے؟ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے نیب کے سزا یافتہ کی 10 سالہ نااہلی کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فائق علی جمالی کی سزا سپریم کورٹ تک برقرار رہی ہے اور نیب قانون کے مطابق نااہلی 10 سال رہے گی۔
عدالت نے نیب پراسکیوٹر کے دلائل کے بعد سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے اس پر حکم امتناع جاری کردیا جب کہ عدالت نے نیب سزا یافتہ کے لیے 10 سالہ نااہلی کی مدت بحال کردی۔
واضح رہے کہ سنگل بینچ نے نااہلی کی مدت 10 سال کے بجائے 5 سال کا فیصلہ دیا تھا۔